وائس چانسلر باچا خان یونیورسٹی چارسدہ پروفیسر ڈاکٹر خان عالم نے داخلہ مہم فال 2026 کے اہداف کے حصول اور گزشتہ سال کے مقابلے میں داخلوں کی شرح میں 51 فیصد اضافے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اسی جذبے اور لگن کے ساتھ کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

اس حوالے سے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خان عالم کی زیر صدارت داخلہ مہم میں حصہ لینے والے ممبران کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈائریکٹر ایڈمیشنز سمیت مہم میں شریک دیگر ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خان عالم نے کامیاب داخلہ مہم کے انعقاد پر تمام ممبران اور ایچ او ڈیز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ تمام ٹیم ممبران کی شبانہ روز محنت اور مشترکہ کوششوں کے باعث باچا خان یونیورسٹی نے صوبے کی دیگر جامعات کے مقابلے میں گزشتہ سال کی نسبت داخلوں میں نمایاں اضافہ حاصل کیا ہے، جو پوری جامعہ کے لیے باعث فخر ہے۔
وائس چانسلر نے مستقبل میں داخلہ مہم کو مزید مؤثر اور کامیاب بنانے کے لیے جامع حکمت عملی وضع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ تک جامعہ کے تعلیمی پروگراموں، جدید سہولیات، اسکالرشپس اور فیسوں میں رعایت کے مواقع سے متعلق معلومات مؤثر انداز میں پہنچائی جائے گے۔
اس مقصد کے لیے سرکاری و نجی کالجز اور تعلیمی اداروں کے ساتھ رابطوں کو مزید مضبوط بنانے، طلبہ اور والدین کے لیے آگاہی سیشنز کا انعقاد کرنے اور سوشل میڈیا سمیت دیگر تشہیری ذرائع کو بھرپور انداز میں استعمال کیا جائےگا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جامعہ کی تمام ٹیمیں باہمی تعاون اور مربوط منصوبہ بندی کے ذریعے آئندہ داخلہ مہم میں مزید بہتر نتائج حاصل کرنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گی۔